آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا لاہور کے تھانہ شاہدرہ کا اچانک دورہ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر برہمی کا اظہار

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا لاہور کے تھانہ شاہدرہ کا اچانک دورہ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر برہمی کا اظہار
 آئی جی پنجاب نے حوالات کا جائزہ لیا، زیر حراست ملزمان سے انکے کیسز بارے پوچھا،  فرنٹ ڈیسک کی ورکنگ اورتھانے کا ریکارڈچیک کیا۔
پہلی اور آخری دفعہ وارننگ دے رہا ہوں، آئندہ کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ آئی جی پنجاب
پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ کرونگا، فیلڈ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے  تھانوں کا دورہ کریں۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب نے تھانے کے حدود میں واقع گرجا گروں کی سکیورٹی، ہوٹل آئی پر ہوٹلوں کے اندراج کا ریکارڈ چیک کیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس راؤ سردارعلی خان نے لاہورکے تھانہ شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا اور تھانہ کے فرنٹ ڈیسک میں کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا کا اندراج اپڈیٹ نہ ہونے اور تھانے کے مختلف سیکشنز، حوالات، پارکنگ ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈی ایس پی آغا ناصر اور ایس ایچ اووسیم اختر پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ کوپہلی اور آخری دفعہ وارننگ دے رہا ہوں، آئندہ کسی کو معافی نہیں ملے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ  تمام تھانوں میں ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے صدق دل سے کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں بیٹ سسٹم کو مزید موئثر کیا جائے اور تمام عملہ میں مساوی ذمہ داریاں تقسیم کی جائیں انہوں نے مزید کہا کہ  تھانوں میں تعینات افسران واہلکار شہریوں کی خدمت کیلئے کسی قسم کے دباؤ کا شکار ہوئے بغیر میرٹ کی پاسداری کے مطابق اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں تمام اضلاع کا دورہ کرونگا، فیلڈ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے تھانوں کا دورہ کریں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے تھانہ کی حدود میں واقع گرجا گروں کی سکیورٹی، ہوٹل آئی پر ہوٹلوں کے اندراج کا ریکارڈبھی چیک کیا۔
آئی جی پنجاب نے اچانک دورہ کے دوران تھانے میں زیر تفتیش مقدمات، اشتہاریوں کا ڈیٹا، اہلکاروں کا بیٹ چارٹ اور ڈیوٹی روسٹر سمیت دیگر ریکارڈ کا جائزہ لیا جبکہ انہیں فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی شکایات اور ان کے ازالے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر  انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام انویسٹی گیشن افسران کو بھی کیسز دیتے وقت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی ایک افسر پر زیادہ کیسز کا دباؤ نہ پڑے تاکہ کیسز کی تفتیش کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل اور پولیس کارکردگی میں بہتری کیلئے اب میں صوبے کے تھانوں اور پولیس دفاتر کو خود چیک کروں گا۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کاروائیوں کے لئے تھانے کی سطح پر آپریشنز اور انویسٹی گیشنزکے شعبوں میں قریبی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ شاہدرہ لاہورکے اچانک دورے کے دوران پولیس افسران اور اہلکاروں سے گفتگو کے دوران کیا۔تھانہ شاہدرہ میں آئی بزرگ خاتون اور موجود شہریوں نے آئی جی پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر آئی جی پنجاب نے فوری کارروائی کرنے کے احکامات دیتے  ہوئے کہا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے لہذا شہریوں کے مسائل سننے کے لئے ایس ایچ اوز مقررہ اوقات کی ہر صورت پابندی کریں اور تھانے میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں جبکہ پولیس ناکوں سمیت دیگر سرچ آپریشنز کے دوران قانون پسند شہریوں کی سہولیات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارت سے تجاوز اورجرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں ایسے افسران و اہلکار خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں

(ہینڈ آؤٹ 317 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Wednesday, December 22, 2021