پچھلے برس کی نسبت اس سال پولیس خدمت مراکز سے مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد میں 2 لاکھ کا اضافہ

پچھلے برس کی نسبت اس سال پولیس خدمت مراکز سے مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد میں 2 لاکھ کا اضافہ
رواں برس پولیس خدمت مراکزسے اب تک صوبہ بھر میں 710548 سے زائد شہری سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔
صوبے کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں قائم خدمت کاؤنٹرز سے 98540افراد کو میڈیکو لیگل سرٹفیکیٹس جاری کیے گئے۔
تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع کے خدمت مراکز کو مزید فعال بنائیں اور شہریوں کوبہترین سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ شہریوں کو خدمات کی باآسانی فراہمی میں پولیس خدمت مراکز کا کردار انتہائی موثر ہے جہاں روائتی تھانہ کلچر کا خاتمہ کر کے سٹیٹ آف دی آرٹ ماحول میں ون ونڈو سروس کے تحت شہریوں کو ایک درجن سے زائد خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوزکو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن کے عمل پر توجہ دیں اور شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں جہاں بہتری کی گنجائش ہے اسے فی الفو رکیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ موبائل خدمت مراکز کے مختلف اضلا ع میں وزٹ شیڈول کی تشہیر ی مہم کو تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنے علاقوں میں فاسٹ ٹریک سروس سے مستفید ہوسکیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے سال رواں میں پولیس خدمت مراکز کی کاکردگی بارے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال پولیس خدمت مراکز سے مستفید ہونے والی شہریوں کی تعداد میں 2 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 102 پولیس خدمت مراکز، 130 پولیس خدمت کاؤنٹرز اور 29موبائل خدمت مرکز کام کر رہے ہیں جہاں شہریوں کو کریکٹر سرٹیفیکیٹ، جنرل پولیس ویری فکیشن،کرائے داری کا اندراج، گاڑی کی تصدیق، گمشدگی رپورٹ، جرائم کی رپورٹ، عورتوں سے متعلق جرائم کی رپورٹ، ایف آئی آرکی کاپی،لرنرزڈرائیونگ لائسنس، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید،ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اور لائسنس کی تجدید سمیت 14سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ رواں برس پولیس خدمت مراکزسے اب تک صوبہ بھر میں 710548 سے زائد شہری سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں جن میں سے214517افراد کو کریکٹر سرٹیفیکیٹ کا اجراء اور 246750افراد کی جنرل پولیس ویری فیکیشن کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز سے 98540افراد کو میڈیکو لیگل سرٹفیکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ لاہور میں خدمت مراکز کی کارکردگی بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں 8پولیس خدمت مراکز، 13پولیس خدمت کاؤنٹرز اور 1موبائل خدمت مرکز وین شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ لاہور میں قائم خدمت مراکز میں رواں برس 74053شہری استفادہ حاصل کر چکے ہیں جن میں 26034کریکٹر سرٹیفیکیٹ، 23751جنرل پولیس ویریفیکیشن جبکہ17679افراد کو میڈیکولیگل سرٹفیکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔

(ہینڈ آؤٹ 314 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Wednesday, December 22, 2021