پنجاب کے تمام ہوٹلز، سرائے اور قیام گاہوں میں ہوٹل آئی ایپ کا استعمال لازمی قرار۔ آئی جی پنجاب کا حکم
آئی جی پنجاب کی ہوٹل آئی سافٹ وئیر کو بڑے ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور محکمہ جیل کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اشتہاری اور خطرناک ملزمان کی نقل و حمل پر نظر رکھ کر ان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت خطرناک ملزمان اور اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی اجلاس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اشتہاری مجرمان، خطرناک ڈکیتوں اور پیشہ ور ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام ہوٹلز، سرائے،قیام گاہوں اورنجی ریسٹ ہاؤسز میں ”ہوٹل آئی ایپ“ کا استعمال لازمی کریں۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں ہوٹل اور قیام گاہوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو پابند کریں کہ ہوٹل میں رکنے والے ہر شہری کا ڈیٹا ”ہوٹل آئی ایپ“ میں لازمی درج کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر میں ڈیٹا درج نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجا ب نے تنبیہ کی کہ ایسے اضلاع جہاں ہوٹل آئی سافٹ وئیر میں ڈیٹا کا اندارج نہیں کیا جارہا وہاں متعلقہ مجاز افسر سے جواب طلبی کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے ہوٹل آئی سافٹ وئیر کو بڑے ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور محکمہ جیل کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی اس حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اشتہاری اور خطرناک ملزمان کی نقل و حمل پر نظر رکھ کر ان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے لہذا سپروائزری افسران جدید پولیسنگ کے حوالے سے پنجاب پولیس کے تیار کردہ آئی ٹی پراجیکٹس سے بھرپورا ستفادہ کریں۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات آج سنٹرل پولیس آفس میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کوہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔
دوران اجلاس ڈی آئی جی آئی ٹی نے آئی جی پنجاب کو جدید پولیسنگ اورباآسانی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تیار کردہ سافٹ وئیرز کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں خطرناک اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے جاری مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثرا ستعمال کلیدی حیثیت رکھتا ہے لہذا صوبے کے تمام اضلاع میں مجرمان کی گرفتاری اور عوام کی جان ومال کے تحفظ میں جدید سافٹ وئیرز اور ایپلی کیشنز کا استعمال جاری رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سپروائزری افسران گاہے بگاہے خود فیلڈ میں نکل کر ہوٹلز، سرائے اور قیام گاہوں کی انسپکشنز کریں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں
(ہینڈ آؤٹ 311 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
