آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا فیصل آباد میں شہریوں کی مدد کے دوران ڈمپر کی ٹکر سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل بشارت علی کو خراج عقیدت

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا فیصل آباد میں شہریوں کی مدد کے دوران ڈمپر کی ٹکر سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل بشارت علی کو خراج عقیدت
بشارت علی نے دوران ڈیوٹی شہادت کے رتبے پر فائز ہوکر پوری فورس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ آئی جی پنجاب
کانسٹیبل بشارت علی کے بھائی ریاض اس سے قبل پولیس مقابلے میں شہید ہوئے تھے۔ ایک گھرانے کے دو شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے۔ راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے فیصل آباد کے علاقہ ڈجکوٹ میں کھائی میں گری کار کو نکالنے میں شہریوں کی مدد کے دوران تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے شہید ہونے والے کانسٹیبل بشارت علی کی قربانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو کانسٹیبل بشارت علی کی قربانی ہر فخر ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ شہید بشارت علی کے بھائی ریاض اس سے قبل پولیس مقابلے میں شہید ہوئے تھے اور ان کا خاندان وہ عظیم خاندان ہے جس کے دو سپوتوں نے عوام کی خدمت اور حفاظت کے فریضے کے دوران جام شہادت نوش کیا یے۔
شہید کانسٹیبل بشارت علی کی نماز جنازہ اتوار کی صبح پولیس لائنز فیصل آباد میں کر دی گئی جس میں آر پی او فیصل آباد عمران محمود اور سی پی او فیصل آباد غلام مبشر میکن سمیت دیگر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سی پی او فیصل آباد غلام مبشر میکن نے شہید کانسٹیبل بشارت علی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ پولیس نے ٹکر مارنے والے اوور لوڈڈ ڈمپر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے جس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ شہید کانسٹیبل بشارت علی 6 بچوں کے والد تھے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو ہدایت کی یے کہ وہ خود شہید کی فیملی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انکی ہر ممکن ویلفیئر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائیں۔

 

(ہینڈ آؤٹ 303 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, December 19, 2021