تھانوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے آپریشنز کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب
پرائم منسٹر شکایات سیل اور 1787آئی جی پی کمپلینٹ سیل پر موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ وقت میں حل کیا جا رہا ہے۔راؤ سردار علی خان
پولیس ریفامز پرسپریم کورٹ اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹس پر عملدرآمد کے حوالے سے پراگریس کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان سے نیشنل پولیس بیورو کے 4 رکنی وفد کی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ تھانہ پولیس ورکنگ کی بنیادی اکائی ہے جس کے پیشہ ورانہ امور کومزید بہتر بنانے کیلئے نہ صرف تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے بلکہ آپریشنز کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن کے شعبے پر یکساں توجہ اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں تعینات تفتیشی افسران کے استعداد کار میں اضافے کے لیے سکول آف انویسٹی گیشن چوہنگ اور دیگر تربیتی اداروں میں ریفریشر کورسزاور ورکشاپس جاری ہیں اور تفتیشی افسران کو جدید وسائل کی فراہمی، نفری کی کمی کو پورا کرنے سمیت ہر ممکن سہولیات دی جارہی ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ(PMDU) اور 1787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ وقت پر حل کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس میں پہلے جزاء اور پھرسزا کے عمل کو اپنایا گیا ہے اور محکمانہ احتساب کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس پرشہریوں کا اعتماد بڑھانے کے لیے سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کو اپنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل کا ازالہ باآسانی اور بروقت ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں نیشنل پولیس بیورو سے آئے 4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس میں کی جانے والی ریفارمز بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد میں ڈی آئی جی ثاقب سلطان اورپارلیمانی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اراکین شامل تھے۔
آئی جی پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جرائم کی روک تھام اور سروس ڈلیوری کی بہتری کیلئے پنجاب پولیس دستیاب وسائل کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں موثر ریفارمز کے ذریعے کارکردگی کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ ہر شعبے کی کلوز مانیٹرنگ اور انسپکشن پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پنجاب پولیس جرائم کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ قوانین سے متعلق عوامی آگاہی کو بھی خصوصی اہمیت دیتی ہے اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر مختلف آگاہی مہم اور پروگرام بھی جاری ہیں۔
(ہینڈ آؤٹ 295 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

Press Release Date:
Thursday, December 16, 2021