آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم

آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم
لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں اس خطرناک کھیل میں ملوث افراد کے خلاف خصوصی آپریشن کیا جائے۔راؤ سردار علی خان
اگر کسی علاقے میں پتنگ بازی کی وجہ سے کوئی شہری زخمی یا جاں بحق ہوا متعلقہ افسر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب
 شہری کسی بھی جگہ پتنگ بازی نظر آنے کی صورت 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دیں۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان

 

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبہ بھر میں دھاتی ڈور و پتنگ سازوں، پتنگ فروشوں اور پتنگ بازی کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں پتنگ اور دھاتی ڈور کی خریدو فروخت میں ملوث افراد کے خلاف خصوصی آپریشن کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پولیس افسران کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جودن کے ساتھ ساتھ رات کے وقت چھاپے ماریں اور اس خطرناک کھیل میں ملوث افرادکو قانون کی گرفت میں لا ئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اگر کسی علاقے میں پتنگ بازی کی وجہ سے کوئی شہری زخمی یا جاں بحق ہوا تومتعلقہ افسر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تفریح کے نام پر شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والے ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں ان قانون شکنوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو بذریعہ مراسلہ جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عمل در آمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے اور اس خونی کھیل کی روک تھام کیلئے مساجد میں اعلانات کروا کر عوام کو آگاہی فراہم کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے دور رکھیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ جرائم کی روک تھام میں پولیس اور شہریوں کا باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے لہذا شہریوں بھی اپنی ذمہ داری کا ادراک کریں اوراگر کسی بھی جگہ پتنگ بازی اس سے متعلقہ کوئی بھی سرگرمی نظر آئے تو فوری 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں کاپولیس کے ساتھ یہ تعاون کسی شہری کی قیمتی جان کے تحفظ کا باعث بن سکتا ہے۔

(ہینڈ آؤٹ 279 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

 
 
Press Release Date: 
Friday, December 10, 2021