کرپشن، رشوت اور کسی بھی طرح کی بد عنوانی میں ملوث افراد کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ آئی جی پنجاب
شہری اگر کسی پولیس ملازم کو کرپشن میں ملوث دیکھیں تو فوراً 1787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر اطلاع دیں۔ آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس کے ہرفردکو اپنی نوکری ڈیوٹی نہیں بلکہ فرض اور عبادت سمجھ کر کرنی چاہئے۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان
پنجاب پولیس کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا میرا مشن ہے، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن پر پیغام
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ کرپشن ایک معاشرتی ناسور ہے جس میں ملوث افراد کی محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا میرا مشن ہے اورمجھے پولیس میں کرپٹ اور جرائم پیشہ افراد کا ساتھ دینے والے جتنے بھی لوگ نظر آئے، ان سب کو نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ پنجاب پولیس کے ہرفردکو اپنی نوکری ڈیوٹی نہیں بلکہ فرض اور عبادت سمجھ کر کرنی چاہئے اور ہمیں صرف محنت، دیانت اور خدمت کو اپنا نصب العین بنانا ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے عوامی تشخص کو بہتر بنانے کے لئے اپنی صفوں میں سے کالی بھیڑوں کو نکالنا ہوگا کیونکہ پولیس فورس کا مثبت امیج بہتر کارکردگی کے ساتھ ساتھ فورس سے کرپٹ لوگوں کے خاتمہ سے مشروط ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے گذارش کی کہ اگر کسی پولیس ملازم کو کرپشن میں ملوث دیکھیں تو فوراً 1787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر اطلاع دیں،اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف انکوائری اور ثابت ہونے پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔
راؤ سردار علی خان نے کہاکہ مہذب معاشرے بدعنوانی کی لعنت سے پاک ہوتے ہیں اور بد عنوانی کسی بھی ادارے کی جڑوں کو کھوکھلا کردیتی ہے انہوں نے کہاکہ انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کا مقصد بدعنوانی کی روک تھام کیلئے عوامی شعور کی بیداری اورمعاشرے پر کرپشن کے مضر اثرات بارے آگاہی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر، تھانوں اور پولیس دفاتر میں مانیٹرنگ اور انسپکشن کے عمل میں تیزی لائیں اور جہاں کہیں اختیارات سے تجاوز، کرپشن یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی دیکھیں تو ذمہ دار کے خلاف سخت کاروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور رشوت ستانی میں ملوث افراد کو محکمہ پولیس سے نکال باہر کیا جائے کیونکہ چند افراد کی وجہ سے پوری فورس کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پنجاب پولیس کی پہلی اور آخری ترجیح عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پولیس اور عوام میں اعتماد کی بحالی صرف اور صرف کرپشن سے نجات پا کریقینی بنائی جا سکتی ہے۔ اس عزم میں، اس مشن میں آپ میرا ساتھ دیں۔
(ہینڈ آؤٹ 278 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

Press Release Date:
Thursday, December 9, 2021