آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان سے گولڈ تاجران کی دو ایسوسی ایشنزکے 7رکنی وفدکی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات
آرپی اوز اور ڈی پی اوز صرافہ بازار اور گولڈ ٹیسٹ لیبارٹریز سے متعلقہ تاجروں کی شکایات کا بروقت ازالہ کریں۔ آئی جی پنجاب
گولڈ تاجران کی ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ممبران سے قواعد و ضوابط کے مطابق کاروبار کروائیں۔ راؤ سردار علی خان
پولیس اور گولڈ تاجر ان مل کرسونا چوری کی غیر قانونی خریدوفروخت میں ملوث عناصر کا خاتمے کرسکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران اپنے اضلاع میں صرافہ بازار اورگولڈ ٹیسٹ لیبارٹریز سے وابستہ گولڈ تاجران کودرپیش مسائل اور شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سونے کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے پولیس اور گولڈ تاجران کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اس لئے گولڈ تاجران چوری کاسونا بیچنے والوں ملزمان کو قانون کی پکڑ میں لانے کیلئے پولیس کی معاونت کریں۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ گولڈ تاجران کی ایسوسی ایشنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ممبران سے قواعد و ضوابط کے مطابق کاروبار کروائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ گولڈ تاجران سونے کی خریدو فروخت کے حوالے سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور قوانین کے دائرہ کار میں رہ کر اپنے کاروبار سر انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ تاجر ایسوسی ایشن اپنے مسائل بارے میرے دفتر آگاہ کرے تاکہ پہلے سے موجود ایڈوائزری کو بہتر بنایا جاسکے اور کاروبای سرگرمیوں کیلئے پر امن ماحول فراہم کرناپنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں آل پاکستان سمال جیمز جیولرز اینڈ ٹولز ایسوسی ایشن اور آل پنجاب گولڈ ٹیسٹ اینڈ ریفائن لیبارٹریز ایسوسی ایشن کے سات رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گولڈ تاجران نے آئی جی پنجاب کو اپنی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے معاونت کی درخواست کی۔
آئی جی پنجاب نے گولڈ تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرافہ /گولڈ تاجران کوبلاجواز پریشان کرنا غیر قانونی امر ہے جس کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں تاجران تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ اگر تاجر برادری کو پولیس کے حوالے سے کوئی بھی تحفظات ہیں تو میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ تاجر برادری کی درخواستوں پر کاروائی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔
(ہینڈ آؤٹ 275 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
