سانحہ سیالکوٹ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرمزیدملزمان گرفتار

سانحہ سیالکوٹ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرمزیدملزمان گرفتار
 پنجاب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اورموبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے مزید 8 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا، ٹوٹل تعداد132ہوگئی۔
اب تک کی تحقیقات کے مطابق 132 زیرحراست افراد میں سے 27 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے:ترجمان پنجاب پولیس
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں.ترجمان پنجاب پولیس

انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تفتیش کو مزید تیز کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس نے گذشتہ12 گھنٹوں کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے مزید 8مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد132ہوگئی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں سری لنکن منیجر پر حملے کی پلاننگ میں شامل ملزم سمیت تشدد کرنے اور اشتعال پھیلانے والے ملزمان شامل ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اس افسوس ناک واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کوجلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کردی گی اور ملزمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے پولیس کاروائیوں کی پیش رفت بارے بتایا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث انتہائی مطلوب  ملزم امتیاز عرف بلی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے امتیاز عرف بلی سری لنکن شہری پربہمانہ تشددکرنے اور نعش کی بے حرمتی کرنے والوں میں شامل تھا۔امتیاز عرف بلی کی گرفتاری کیلئے پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے مگر وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ ٹھکانے تبدیل کرلیتا تھا، سیالکوٹ پولیس نے امتیاز عرف بلی کو ٹریس کرکے راولپنڈی جانے والی بس پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں اوروزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کیس کی پراسیکیوشن کا ٹاسک سیکرٹری پراسکیوشن کو سونپا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق 132 زیرحراست افراد میں سے 27 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے جبکہ اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث زیر حراست افراد کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا جارہا ہے اور پنجاب پولیس اس کیس کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچادے گی

(ہینڈ آؤٹ 272 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

 

Press Release Date: 
Monday, December 6, 2021