سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعہ میں اہم پیش رفت

سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعہ میں اہم پیش رفت
پولیس نے تشدد کرنے اور اشتعال انگیزی میں ملوث دو مرکزی ملزمان فرحان ادریس اور عثمان رشید کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس۔
پولیس نے واقعہ میں ملوث 100سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن کے کردار کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج سے کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس
آئی جی پنجاب سارے معاملہ کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داران کسی رعائیت کے مستحق نہیں جن کی فی الفور گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق اس افسوس ناک واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کر دیا جائے گا۔ واقعہ پر پولیس کاروائیوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس نے تشدد اور اشتعال انگیزی میں ملوث دو مرکزی ملزمان فرحان ادریس اور عثمان رشید کو گرفتار کر لیا ہے۔ مرکزی ملزم فرحان ادریس کو ویڈیو میں تشدد کرتے اور اشتعال دلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعہ میں ملوث 100سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن کے کردار کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج سے کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان سارے معاملہ کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور آر پی او گوجرانولہ، ڈی پی او سیالکوٹ سمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

(ہینڈ آؤٹ 264 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس

****************************

Press Release Date: 
Friday, December 3, 2021