آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرصوبہ بھر میں پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرصوبہ بھر میں پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز۔
دو ماہ کے دوران پیشہ ور گدا گروں کے خلاف7131مقدمات درج، 7430 ملزمان گرفتار۔ ترجمان
خود کو بے روزگار مزدور ظاہر کرکے بھیک مانگنے والے نشئیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راو سردار علی خان نے کہا ہے کہ بچوں اور عورتوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور گداگر مافیا کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں انسداد گداگری کے لئے بھرپور کاروائیاں جاری رکھیں اور اس سلسلہ میں دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مکمل مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں بھکاری مافیا کے خلاف خصوصی لائحہ عمل اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خود کو بے روزگار مزدور ظاہر کرکے بھیک مانگنے والے نشئیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے اور خاص طور پرصوبہ بھر میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیموں کے ساتھ مل کر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کاروائیوں کو تیز کیا جائے تاکہ بچوں کو اپنا آلہ کار بنانے اور ان سے بھیک منگوانے والوں کو جیل کی سلاخوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ معصوم بچوں کو روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی دارلحکومت کی اہم شاہراؤں پر مافیا کا آلہ کار بننے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے کیا جائے تاکہ ان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں بھکاری مافیا کے خلاف ہونے والی تمام سرگرمیوں کے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبہ بھر میں پیشہ ور گداگر وں کے خلاف مجموعی طور پر7131مقدمات درج کئے گئے جبکہ7430 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ہر ریجن میں ہونے والی کاروائیوں بارے تفصیل سے بتایا کہ لاہور میں بھکاری مافیا کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 4388مقدمات درج کئے گئے جبکہ 4644پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔شیخوپورہ ریجن میں 188مقدمات درج جبکہ 192پیشہ ور گداگرگرفتار، گوجرانوالہ ریجن 203میں مقدمات درج جبکہ 207پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔ راولپنڈی ریجن میں پولیس نے  279میں مقدمات درج کئے جبکہ284پیشہ ور گداگر گرفتار کئے گئے، سرگودھا ریجن میں 91مقدمات درج جبکہ99پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔فیصل آباد ریجن میں پیشہ ور گداگر وں کے خلاف  835مقدمات درج ہوئے جبکہ850پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح ملتان ریجن میں 286مقدمات درج جبکہ288پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔ساہیوال ریجن میں 361مقدمات درج جبکہ361پیشہ ور گداگر گرفتار، ڈی جی خان ریجن میں 110مقدمات درج جبکہ112پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔ بہاولپور ریجن میں 390مقدمات درج جبکہ392پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے۔ترجمان نے مزید کہا کہ شہری پولیس کا ساتھ دیتے ہوئے پیشہ ور گداگروں کے بارے میں 15 پر اطلاع دیں اور گداگروں کے خلاف اقدامات میں سرکاری اداروں کی معاونت کریں۔

(ہینڈ آؤٹ 263 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس

****************************

Press Release Date: 
Friday, December 3, 2021