نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے نقصانات، کائٹ فلائنگ اور ون ویلنگ پر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ
ون ویلنگ اور کم عمر ڈرائیونگ کے خطرات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر مہم چلائی جائے گی۔ راؤ سردار علی خان
بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر برائے سکول ایجوکیشن، مراد راس
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان سے صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن، مراد راس کی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جن کی بہترین سیکیورٹی اور تعلیم و تربیت میں معاون کردار ادا کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس، محکمہ سکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے نقصانات، کائٹ فلائننگ اور ون ویلنگ کے متعلق آگاہی مہم چلائے گی اور تعلیمی اداروں میں کائٹ فلائنگ کے نقصانات بارے لیکچرز دئیے جائیں گے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ اساتذہ کے تعاون سے بچوں کے ساتھ ساتھ والدین تک بھی یہ پیغام پہنچایا جائے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اگر بچے کسی غیر قانونی یا غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث ہیں تو ان کی تربیت کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ طلباو طالبات میں کم عمر ڈرائیونگ اور ون ویلنگ کے خطرات سے متعلق شعور اجاگر کرناانتہائی ضروری ہے اوراس سلسلے میں پنجاب پولیس محکمہ سکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر خصوصی مہم چلائے گی اور پنجاب پولیس کے ایجو کیشن یونٹ کی ٹیمیں طلبا کو ضروری قوانین بارے آگاہی دیں گی۔ آئی جی پنجا ب نے کہاکہ سکولوں او ر ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات کا مکروہ دھندہ کرنیو الے عناصر کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں اور گھناؤنے کاروبار میں شامل عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس نے کہاکہ بچوں کی بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اورمحکمہ سکول ایجوکیشن اور پنجاب پولیس مل کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے صوبائی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے اوقات کے دوران اگر کسی مقام پر سیکیورٹی یا ٹریفک مینجمنٹ کیلئے پولیس معاونت درکار ہے تو متعلقہ پولیس دفتر کو مطلع کیا جائے پنجاب پولیس ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی
****************************
