پنجاب پولیس تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات کی روک تھام کے لیے ان ایکشن

پنجاب پولیس تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات کی روک تھام کے لیے ان ایکشن
 رواں برس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر3 لاکھ،80 ہزار490 وہیکلز بند کی گئیں، ترجمان پنجاب پولیس
سنگین خلاف ورزیوں پر 24ہزار 670 ڈرائیورز گرفتار، ٹریفک چالان کی مد میں 2.43 بلین روپے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان  

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں شاہرات پر ٹریفک کے ہموار بہاؤ اور حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے زیر انتظام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے سپیشل پلان تشکیل دیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ جن اضلاع میں سیف سٹی یا سمارٹ سٹی کے تحت شاہرات پر کیمرے لگائے گئے ہیں ان سے ٹریفک مینجمنٹ میں بھرپور استفادہ کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں مصروف شاہرات پر ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے، ون ویلنگ، ون وے و دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کسی قسم کی رعایت کے حقدار نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف بلا تاخیر قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہریوں کی ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کو موثر سپرویژن سے بہتر بنایا جائے کیونکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پولیس کاروائیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں رواں برس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چوہتر لاکھ سے زائد(7401824) چالان کیے گئے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ماحولیاتی الودگی پھیلانے پر تین لاکھ، اسی ہزار چار سو نوے وہیکلز بند کی گئیں جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر چوبیس ہزار چھ سو ستر ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ صوبہ بھر میں قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک چالان کی مد میں 2.43 بلین روپے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شاہرات پر ٹریفک اہلکارمزیدتندہی کے ساتھ فرائض سر انجام دیں اور قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ راؤ سردار علی خان نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ اہم مقامات پر ٹریفک مینجمنٹ کی انسپکشن اور مانیٹرنگ کیلئے وہ خود بھی فیلڈ میں نکلیں اور اہلکاروں کو فرائض کی بہتر ادائیگی بارے موثربریفنگ بھی دیں

(ہینڈ آؤٹ 257 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
****************************
Press Release Date: 
Monday, November 29, 2021