آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ
 محرر،تفتیشی افسران و دیگر عملے کی ٹریننگ کیلئے جدید کورسز ترجیحی بنیادوں پر کروائے جائیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت
فیلڈ میں کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کو ریفریشر کورسسز کروائے جائیں تاکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔آئی جی پنجاب
فورس کا تربیتی معیار بہتر بنا کر ہم شہریوں کی خدمت اور حفاظت کا فریضہ بہتر انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب
زیر تربیت افسران واہلکاروں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیااور مختلف سیکشنز کا دورہ کیا

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کے عمل کو مزید بہتر کرنے کیلئے ماڈرن تقاضوں کے مطابق پولیس فورس کی جدید پیشہ ورانہ تربیت میری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تربیتی نصاب کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ٹریننگ کالجز کو جدیدوسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھاجائے گا۔ انہوں نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محرر، تفتیشی افسران و دیگر عملے کی کپیسٹی بلڈنگ کیلئے ہر ضلع میں ریفریشر تربیتی کورسزشروع کئے جائیں تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت کے فرائض سر انجام دے سکیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ صوبے کے تمام ٹریننگ کالجز میں زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کی کارکردگی کو بہتربنانے کے لیے تفتیش کے نظام کومزید بہتر بنایا جائے اور تربیت کے دوران شہادتوں کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اورماڈرن پریکٹس کے موثر استعمال پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو بھی جدید تربیتی ریفریشر کورسز کروائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تربیتی معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف شعبوں کے ماہرین کو خصوصی لیکچرز کیلئے ٹریننگ کالجز میں مدعو کیا جائے جو اپنے تجربات کی بنیاد پر اہلکاروں کیلئے مفید گائیڈ لائنز دے سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ نے آئی جی پنجاب کو ریکروٹ کورس،تربیتی نصاب، انویسٹی گیشن سکول سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب نے سکول آف انویسٹی گیشن میں تفتیشی افسران کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہاسٹلز کے دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے ہدایت کی زیر تربیت افسران کو حفظان صحت کے مطابق بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیر تربیت افسران واہلکار اپنی پوری توجہ ٹریننگ پر مرکوز کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کہیں نصاب کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تو اسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اپ گریڈ کیا جائے اور پولیسنگ کے عمل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجا ب نے مزیدکہاکہ فورس کا تربیتی معیار بہتر بنا کر ہم شہریوں کی خدمت اور حفاظت کا فریضہ بہتر انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں اور اس سلسلے میں سپر وائزری افسران کو اپنا کردار موثر طور پر ادا کرنا ہوگا۔

(ہینڈ آؤٹ 251 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
****************************
Press Release Date: 
Friday, November 26, 2021