زیر حراست ملزمان پر تشددناقابل برداشت ہے،آئی جی پنجاب کا قصور تھانے میں خاتون پر تشددکے واقعہ پر اظہار برہمی۔

زیر حراست ملزمان پر تشددناقابل برداشت ہے،آئی جی پنجاب کا قصور تھانے میں خاتون پر تشددکے واقعہ پر اظہار برہمی۔
لاہور میں دو گروپوں میں فائرنگ کے واقعہ پر ڈی ایس پی چوہنگ اور ایس ایچ او نواب ٹاؤن کو معطل کر دیا گیا۔
صوبے کے تمام اضلاع میں عدالتوں کے سیکیورٹی انتظامات کا از سر نو آڈٹ کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان  
آئی جی پنجاب کی زیر صدارت لاہور اور شیخوپورہ ریجن کے افسران کا سنٹرل پولیس آفس میں ہنگامی اجلاس۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے لاہور میں دو گروپوں میں فائرنگ کے واقعہ پر ڈی ایس پی چوہنگ اور ایس ایچ او نواب ٹاؤن کو معطل کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اورسخت قانونی کاروائی میں عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں عدالتوں کے سیکیورٹی انتظامات کا از سر نو آڈٹ کیا جائے اور دستیاب وسائل کے موثرا ستعمال سے عدالتوں کی سیکیورٹی کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے اغواء، تشدد اور زیادتی کے واقعات پر سپروائزری افسران فوری اقدامات اٹھائیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی قابل برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے دھاتی ڈور، پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قصور تھانے میں خاتون پر تشدد کے واقعہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ زیر حراست ملزمان پر تشددیا غیر انسانی رویہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے  واقعہ میں ملوث لیڈی کانسٹیبل اور پولیس اہلکار کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارائی عمل میں لائی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران لاہوراور شیخوپورہ پولیس کے افسران کو جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے مزیدکہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکلیں اور تھانوں کی انسپکشنز کریں،آئندہ کسی تھانے یا پولیس دفتر میں ایسا واقعہ سامنے آیا تو سپروائزری افسران کو جواب دینا ہوگا۔راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ جوافسر یا اہلکار اپنے قول و فعل سے محکمہ کیلئے بدنامی کا باعث بنیں انہیں زیرو ٹالرینس کے تحت محکمہ سے نکال باہر کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور اور شیخوپورہ کے افسران کو 7روز بعد اپنی کارکردگی رپورٹ دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور، ایس ایس پی آپریشنز لاہورسمیت دیگر افسران موجود تھے

(ہینڈ آؤٹ 246 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
****************************
Press Release Date: 
Tuesday, November 23, 2021