آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا ویڈیو لنک کانفرنس میں فیلڈ افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا ویڈیو لنک کانفرنس میں فیلڈ افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار
پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہیں،سائلین سے براہ راست رابطے میں آئیں، تھانوں میں ٹاؤٹ کلچر کا خاتمہ یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب
سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی، جرائم کی شرح کنٹرول نہ کرنے والے افسران کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔راؤ سردار
ٹارچر سیل، ملزمان کو غیر قانونی حراست اور قیدیوں کے انسانی حقوق پامال کیے گئے تو سپروائزری افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔آئی جی پنجاب
تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کے استعمال اور فروخت پر کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات۔
پولیس شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں انکے خاندانوں سے رابطہ میں رہیں۔راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے فیلڈ افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے کے تمام سپروائزری افسران اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں اور جرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ شہریوں کو خدمات کی باآسانی فراہمی پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس عوام کی خدمت کیلئے ہے، افسران سائلین سے براہ راست رابطے میں آئیں اور تھانوں و پولیس دفاتر سے ٹاؤٹ مافیا اور سفارش کلچر کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ تھانوں، پولیس خدمت مراکز اور دیگر دفاتر میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سائلین سے عزت و احترام سے پیش آئیں۔آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ کرپشن کسی بھی لیول پر برداشت نہیں کی جائے گی،سپروائزری افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں۔ راؤ سردار علی خان نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کے استعمال اور فروخت پر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والے افسران واہلکاروں کی پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں، کسی افسر یا اہلکار کے خلاف ایسی شکایت ثابت ہوئی تو اسے محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اگر کسی ضلع میں ٹارچر سیل، ملزمان کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کا واقعہ اور قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کیے گئے تو سپروائزری افسران کو جواب دینا ہوگا۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ مقدمے کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں ہو گی،افسران اپنے اپنے ریجن کی کارکردگی کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران جزا اور سزا کے عمل پر فوکس رکھتے ہوئے فورس اور ماتحت سٹاف کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں جبکہ سنگین جرائم میں ملوث عادی ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے کاوشوں کو مزید تیز کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی، جرائم کی شرح کنٹرول نہ کرنے والے افسران کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نکمے اور سست اہلکاروں کی تربیت کریں تاکہ انہیں کام کرنے کی عادت پڑے۔یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام ریجنل افسران کو جاری کیں۔ دوران کانفرنس افسران کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ماہانہ اہداف مقرر کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ خواتین اور بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور ان جرائم میں ملوث ملزمان کو عدالتوں سے سخت سے سخت سزائیں دلوائیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ سموگ کے خاتمہ کے لیے پولیس ٹیموں ضلعی انتظامیہ، محکمہ ماحولیات سمیت تمام محکموں سے مل کر کاروائیاں کریں، قانون کی عملداری میں پولیس کا مرکزی کردار ہے۔راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، شہداء کے خاندانوں سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انکی ویلفیئر میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دستاویزات کے اجراء میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آئی ٹی، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی اور اے آئی جی مانیٹرنگ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ہینڈ آؤٹ نمبر    235 

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

****************************

Press Release Date: 
Friday, November 19, 2021