آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا سی پی او کھلی کچہری کا دورہ،شہریوں کی شکایات سنیں، ازالے کے لیے احکامات جاری۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا سی پی او کھلی کچہری کا دورہ،شہریوں کی شکایات سنیں، ازالے کے لیے احکامات جاری۔
ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او صدر کھاریاں کو معطل کرنے کے احکامات جاری
کاروائی میں تاخیر پر پولیس اسٹیشن کینٹ اوکاڑہ اور منصور آباد فیصل آباد کے ایس ایچ او اور انویسٹی گیشن افسر سنٹرل پولیس آفس طلب
ظلم و زیادتی کے شکار اور پریشانی میں مبتلا شہریوں کی مدد اور انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ عوامی شکایات اور مسائل کو بلاتاخیر حل کرتے ہوئے شہریوں کو انصاف کی فی الفور فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ سپروائزری افسران کھلی کچہریوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شہریوں کوبہترین سروسز کی فراہمی یقینی بنا کر پولیس عوام کا اعتماد اور تعاون حاصل کرسکتی ہے اس لئے فیلڈ افسران سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق شہریوں کو خدمت و حفاظت کو اپنا شعار اور نصب العین سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر اور غیر معیاری تفتیش ظالم کی مدد کے مترادف ہے جس کے ذمہ داران خود کو سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جن فیلڈ افسران و اہلکاروں کے خلاف کھلی کچہریاں میں متواتر شکایات موصول ہوں انکی فہرست تیار کرکے مجھے پیش کی جائے تاکہ میں ذاتی طور پر ان سے جواب طلبی کروں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے 20سے زائد شہریوں کی شکایات خود سنتے ہوئے ان کے ازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔
آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری میں مختلف شہریوں سے انکے مسائل بارے دریافت کیا۔ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر ڈی ایس پی، صدر کھاریاں اور ایس ایچ او صدر کھاریاں کو آئی جی پنجاب نے معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ساہیوال کے شہری محمد اقبال کی درخواست ڈی پی او کو ذاتی نگرانی میں تفتیش کی ہدایت کی اور متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو وضاحت کیلئے سی پی او طلب کرلیا۔ آئی جی پنجاب نے شہری کی درخواست پر کاروائی میں تاخیر پر پولیس اسٹیشن کینٹ اوکاڑہ اور منصور آباد فیصل آباد کے ایس ایچ او اور انویسٹی گیشن افسر سنٹرل پولیس آفس طلب کرلیا۔ سرگودھا کے شہری عبدالشکور کی درخواست پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ عطا شہید کو سائل کے ہمراہ سی پی او پیش ہونے کا حکم جاری کیا جبکہ باقی شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ آر پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران کو ذاتی نگرانی میں فی الفور کاروائی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ سی پی او میں معمول کی کھلی کچہری میں آنے والوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں اور شہریوں کی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے محفوظ کیا جائے تا کہ رینجز اور اضلاع کے ساتھ بروقت باہمی کوارڈی نیشن سے شکایات کو حل کرکے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیاجائے

 

  225ہینڈ آؤٹ نمبر
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
****************************
Press Release Date: 
Monday, November 15, 2021