لاہور 06 اپریل ۔تفصیلات کے مطابق امروز پولیس لائنز فیصل آباد میں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے اعزاز میں الوداعی دربارکا انعقاد کیا گیا ، آئی جی پولیس لائنز فیصل آباد پہنچے جہاں آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ ، سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان اکرم گوندل ، ڈی پی او جھنگ ہمایوں مسعود سندھو ، ڈی پی او چنیوٹ مستنصر فیروز نے آئی جی کا استقبال کیا ، آئی جی پنجاب نے پولیس لائن میں یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں آئی جی پنجاب نے حسیب شہید میس کی تزین و آرائش کا افتتاح کیا۔

آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے آئی جی پنجاب کی فیصل آباد آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کی قائدانہ صلاحیتیں اور خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ، آپ کے محکمہ کے لیے کیے گئے کاموں کی وجہ سے نہ صرف عوام بلکہ پولیس افسران بھی مستفید ہوئے ، شہدا ء کے ورثاء کے لیے آپ نے بہت احسن اقدامات کیے۔ آپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کومحکمہ پولیس میں نہ صرف متعارف کروایا بلکہ اس سے بہترین نتائج بھی حاصل کیے جو آج تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام ، پولیس اسٹیشنز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر کے بہترین انداز میں ہمارے سامنے ہے ، عوام کے مسائل کے حل کے لیے فرنٹ ڈیسک، 8787 ہیلپ لائن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ ، سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے ڈالفن فورس کا قیام ، پولیس افسران اور ملازمان کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں پے سکیل اپ گریڈیشن ، پروموشن جیسے اقدامات شامل ہیں۔
سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس اور پنجاب کے عوام کے لیے جو کام کیے ہیں نہ تو الفاظ سے ان کی ادائیگی کی جاسکتی ہے اور نہ ہی کوئی تقریب آپ کے کام اور آپ کی شخصیت کے شایان شان ہوسکتی ہے ۔ میں نے مختلف میٹنگز میں آئی جی پنجاب کو کانسٹیبل کے مسائل، شہداء کے خاندان کے مسائل ، پولیس فورس کے بچو ں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیشہ متفکر اور مضطرب دیکھا ۔
ڈی پی او چنیوٹ مستنصر فیروز نے اپنے خطاب میں کہا کہ جناب آئی جی پنجاب اور آر پی او فیصل آباد کی ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کام میں بہتری آئی ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان اکرم گوندل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سالوں میں آئی جی پنجاب نے پولیس کو جس مقام پر پہنچا دیا ہے اس کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ، ڈی پی او جھنگ ہمایوں مسعود سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی جی پنجاب میرے لیے ایک آئیڈیل پولیس آفیسر ہیں جنہوں نے اپنی تعیناتی میں ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دی ہے۔
آخر میں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیر نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں میری تعیناتی کا دورانیہ بہت مختصر رہا ہے ۔مجھے فخر ہے کہ میں پنجاب پولیس کا کمانڈر ہوں ، مجھے فخر ہے ان شہداء پہ جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دیں میرا اور آپ کا سر فخر سے بلند کیا ، آپ کے اور میرے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کیا ، میں شہیدوں کے بچوں اور والدین کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ وہ قومیں جو اپنے محسنوں کی قدر نہیں کرتیں کبھی ترقی نہیں کرتیں ، آپ لوگ اپنا ایک مشن بنا لیں کہ جن لوگوں نے اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں ہیں ان کی عزت ہم سب پر فرض ہیں، ان کے بچے اور ان کے خاندان ہمارے اپنے خاندان اور بچے ہیں ، میرے ذمہ اس محکمے کا سربراہ ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری تھی کہ میں آپ کو اس قابل بناؤں کہ آپ اس معاشرہ میں فخر کے ساتھ سر اُٹھا کر اپنی زندگی بسر کر سکیں ۔ اس کے لیے میں نے ایک لائحہ عمل تیار کیا ، میں آپ سب سے یہ امید رکھتا ہوں کہ آپ نے عوام کی خدمت کرنی ہے اور عوام کی حفاظت کو اپنا مشن بنانا ہے ۔ شہید فنڈ وزیر اعلی پنجاب جناب میاں شہباز شریف کے تعاون سے اپ گریڈ کیا گیا ، اب میرا سر بھی فخر سے بلند ہوگیاہے کہ یہ جو راہ حق کے شہداء ہیں ان کے خاندان عزت سے زندگی گزار سکیں گے ، میں اس حوالے سے بہت مطمئن ہو کر جا رہا ہوں ۔
ہینڈآؤٹ نمبر60
ڈی پی آر ، پنجاب پولیس
********