لاہور 2اپریل ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے پولیس کے روایتی پرانے نظام کونئے دور کے تقاضوں کے مطابق جدید کمپیوٹرائزڈ ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا گیا ہے اور اب صرف ایک کلک پر کسی بھی کریمنل کی تمام تر تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر پی او آفس ساہیوال میں منعقدہ پولیس دربار میں پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس شہدا اور ریٹائرڈ ملازمین کے پیکج کو بہترین کردیا گیا ہے اور یونیفارم کی تبدیلی پولیس امیج میں بہتری کا باعث بنے گی۔ دربار میں آرپی او ساہیوال محمد طارق رستم چوہان ، ڈی پی او ساہیوال عاطف اکرام ، ڈی پی او پاکپتن کامران یوسف ملک ، ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسدعلوی سمیت پولیس افسران و اہلکاروں اور شہدا پولیس کی فیملیز موجود تھی۔ آر پی او ساہیوال نے دربار کے آغاز میں سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیر اکی خدمات محکمہ پولیس کیلئے قابل ستائش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس موقع پرڈی پی او ساہیوال عاطف اکرام ، ڈی پی او پاکپتن کامران یوسف ملک اور ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسدعلوی نے بھی پولیس نظام میں بہتری کیلئے آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے دور میں ہونے والے اقدامات کو شاندار انداز میں سراہا ۔

دربار سے قبل ساہیوال پولیس لائن پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی ، آئی جی پنجاب نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ آئی جی پنجاب نے ساہیوال پولیس لائن میں ر یجنل ٹریننگ سکول کا افتتاح کیا اور انسپکٹرز کی کلاس کا جائزہ بھی لیا ۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے اعلی کارکردگی دکھانے والے جوانوں اور افسران میں CC1 سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام جبکہ شہدا پولیس کی فیملیز میں تحائف اور انعامات تقسیم کیے اور بذریعہ قرعہ اندازی محمدمنشا شہید کی فیملی کوموٹر سائیکل بھی دی۔


ہینڈآؤٹ نمبر57
ڈی پی آر ، پنجاب پولیس
********