لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ریٹائرڈ مرحوم سب انسپکٹر نذر خان کی اہلیہ کی طبی امداد کیلئے مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری۔ 8 سینئر ٹریفک وارڈنز کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ ٹریفک وارڈن محمد آصف کی اپیل سے متعلق درخواست پر آر پی او ساہیوال کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ لانگری منیر احمد کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ جبکہ عبدالکریم نے کوٹ ادو میں تھانہ دائرہ دین پناہ کی حدود چھپری والا اڈہ پر اراضی تنازع پر کلہاڑی کے وار سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او کوٹ ادو کو واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************