ٹائون شپ تھانہ میں 2خواتین کی ہلاکت نشہ کے باعث ہوئی: آئی جی پنجاب

Aug 26, 2026

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمینانہ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ ٹاؤن شپ لاہور میں دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی گئی ہیں۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین کی موت نشے کے زیادہ استعمال سے ہوئی ہے۔ جسمانی تشدد، بیرونی چوٹ یا زخم کے شواہد سامنے نہیں آئے ۔ لاہور اور گجرات میں بھی ان کیخلاف مقدمات درج تھے۔ راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس میں ایف آئی آر میں 3 ملزمان نامزد ہیں جبکہ 2 گرفتار کیے گئے ہیں۔ تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ عبداللہ طاہر قتل کیس میں ملوث شوٹرز خیبرپی کے فرار ہوئے، موجودہ ٹھکانوں کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں۔ ڈولفن فورس کی تنظیمِ نو بارے میں بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول مقامی ایس ایچ اوز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غازی آباد زیادتی کیس میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔ متاثرہ خاتون کا میڈیکو لیگل کروایا گیا اور مطلوبہ طبی ٹیسٹ بھی کروائے گئے جبکہ ملزم کا پوٹینسی ٹیسٹ کروایا گیا۔ ڈی این اے معائنہ کروایا گیا۔ ملزم عمران اے ایس آئی کا ڈی این اے متاثرہ لڑکی کے نمونوں سے میچ نہیں ہوا۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************