آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت اہم اجلاس، صوبہ بھر میں جرائم کی صورتحال کا تقابلی جائزہ

آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت اہم اجلاس، صوبہ بھر میں جرائم کی صورتحال کا تقابلی جائزہ
خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافے پر آئی جی پنجاب کا اظہارِ برہمی، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
ڈکیتی، چوری، نقب زنی اور دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے ڈی پی اوز کو مزید متحرک ہونے، تھانوں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کی ہدایت

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم کی مجموعی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی تقابلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی مانیٹرنگ، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اے آئی جیز سمیت سینئر پولیس افسران نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بعض اضلاع میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغوا کے واقعات پر زیرو ٹالرنس ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ایسے جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش اور متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز کو ڈکیتی، چوری، نقب زنی سمیت دیگر جرائم کے تدارک کیلئے مزید محنت اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے حوالے سے پولیس کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا جبکہ ہفتہ وار جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ عبدالکریم نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز خود متحرک ہوں، سپرویژن کے معیار کو بہتر بنائیں اور ایس ایچ اوز و ڈی ایس پیز کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کریں۔ ڈی پی اوز تھانوں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور سنگین جرائم کے واقعات میں جائے وقوعہ پر خود پہنچ کر پولیس کارروائی کی نگرانی کریں۔
آئی جی پنجاب نے زیرحراست ملزمان کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ زیرحراست ملزمان کے فرار کے واقعات پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں ڈی پی او سمیت متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کیلئے فیلڈ سپرویژن کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بہترین پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر479)

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, August 24, 2026