چہلم حضرت امام حسینؓ ، مجالس کی سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی

Aug 05, 2026

 چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین کے مقدس پروگراموں کا پرامن اور محفوظ انعقاد یقینی بنایا گیا۔ مجالس، عزاداری جلوسوں اور حضرت داتا علی ہجویری کے سالانہ عرس کی تقریبات کے لیے بھرپور سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبہ بھر میں 730 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ 420 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 42 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور والنٹیئرز نے بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت فراہم کی۔ سکیورٹی چیکنگ کے لیے 390 واک تھرو گیٹس اور 6,427 میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کیے گئے۔

(روز نامہ جنگ)

*************************