لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس میثاق سنٹرز اقلیتی کمیونٹی کے مسائل حل کرکے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز اقلیتی کمیونٹی کو خدمات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر کے میثاق سنٹرز سے اب تک 90 ہزار 479 اقلیتی افراد نے استفادہ حاصل کیا۔ 23 ہزار 199 اقلیتی افراد کے مسائل حل کئے گئے۔63 ہزار 547 اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ علماء، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔پنجاب پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔ افسران و اہلکاروں نے دعائیہ پروگرام کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں،اہم اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************