پولیس انتخابی عمل میں الیکشن افسران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،آئی جی

Jul 11, 2026

لاہور(نمائندہ خصو صی،کر ائم رپو رٹرسے) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 رکنی زیر تربیت افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا اور آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ وفد میں 39 اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز، دو ریسرچ ایسوسی ایٹس اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل تھے ۔اس موقع پر الیکشن سے قبل، دورانِ پولنگ اور بعد ازاں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے کردار اور انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس انتخابی عمل میں الیکشن افسران کے اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پولنگ کے دوران الیکشن افسران، عملے اور ووٹرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب عبدالکریم اور وفد کے درمیان یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔ وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم پنجاب پولیس میوزیم، کنٹرول روم اور دیگر اہم شعبوں کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا اور ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق بھی موجود تھے۔

(روز نامہ جنگ)

**********************