لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔عبدالکریم نے کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔پولیس نے اتوار کے روز لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔ پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔
