لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے عشرہ محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس نے عشرہ محرم الحرام کے دوران 37 ہزار 800 سے زائد مجالس اور 09 ہزار 400 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں حالات پرامن رہے اور کسی بھی مقام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزراء مشیران اور علاقائی نمائندوں نے سکیورٹی انتظامات میں پنجاب پولیس کو بہترین راہنمائی فراہم کی۔ شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، اداروں اور میڈیا کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبہ خدمت، اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
(روز نامہ پاکستان)
***********************

