لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر 8 محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور عزاداری جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات یقینی بنائے گئے۔ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر مؤ ثر عملدر آمد جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 8 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 3963 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ 1362 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔ ان مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے 60 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیے۔ صوبہ بھر میں منعقد ہونے والی 3963 مجالس کی سکیورٹی پر 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے جبکہ 1362 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 25 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار مامور رہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 87 عزاداری جلوس برآمد ہوئے جبکہ 425 مجالس منعقد ہوئیں۔ ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر فیلڈ فارمیشنز بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں جبکہ 28 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے بھی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی میں معاونت فراہم کی۔
(روز نامہ پاکستان)
**************************
