لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر محرم کے چھٹے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ صوبہ بھر میں 45 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں صوبہ بھر میں 23 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے بھی معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہو گی۔ امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے مطابق دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔