لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے پانچویں روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 5محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 40 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔صوبہ بھر میں 559 عزاداری جلوس اور 3967 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں 42 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 420 مجالس منعقد ہوئیں۔ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں صوبہ بھر میں 21 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے بھی معاونت فراہم کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم الحرام سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور محرم الحرام کے دوران ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے تاکہ سکیورٹی انتظامات کی موثر نگرانی اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
(روز نامہ پاکستان)
************************