وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم ڈیرہ غازی خان گئے اور جھنگی چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے جھنگی چیک پوسٹ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ آئی جی پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جھنگی چیک پوسٹ پر تعینات بہادر افسران و اہلکاروں کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے جھنگی چیک پوسٹ کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا اور چیک پوسٹ کی فوری تعمیرِ نو اور بحالی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹ کی عمارت، باؤنڈری وال اور مورچوں کو مزید مضبوط اور محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر کی تمام چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چیک پوسٹوں کی سکیورٹی، نگرانی اور دفاعی استعداد کو مزید بہتر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے شہداء کے اہل خانہ کو شہید پیکج کی فوری فراہمی اور انہیں گھر خرید کر دینے کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جھنگی چیک پوسٹ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور تعینات عملے کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعاماتبھی دیے۔
(روز نامہ جناح)
**************************

