انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے دوسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 02 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ محرم الحرام کے دوسرے روز صوبہ بھر میں 88 عزاداری جلوس اور 3683 مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں دو محرم کی مناسبت سے 8 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 399 مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 16 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر سخت پابندی ہے۔ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائی جائے۔ عبدالکریم نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ منتظمین عزاداری جلوسوں و مجالس، کمیونٹی لیڈرز اور علماء کرام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے۔
(روز نامہ جناح)
**************************
