لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ نافذ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ یکم محرم الحرام پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے ۔ لاہور میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے۔ صوبہ بھر میں 96 عزاداری جلوس اور 3448 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں یکم محرم الحرام کی مناسبت سے 10 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 411 مجالس ہوئیں۔ مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 15 ہزار کمیونٹی رضا کار معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر سخت پابندی عائد ہے۔ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم الحرام سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔آر پی اوز، ڈی پی اوز منتظمین عزاداری جلوسوں و مجالس، کمیونٹی لیڈرز اور علماء کرام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔