پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر پر 97 کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری

Jun 04, 2026

 پنجاب پولیس کے فورس اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس کی جانب سے رواں سال پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پر مجموعی طور پر 97 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 30 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 26 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ اسی طرح پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کیلئے 14 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی جبکہ پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 13 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ گذارا الاؤنس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 8 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے گئے۔ تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہل خانہ کو 2 کروڑ 65 لاکھ روپے فراہم کیے گئے جبکہ پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں 68 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔

(روز نامہ سٹی)

*********************