لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں مجالس، عزاداری جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل ہی مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کئے جائیں اور محکمہ داخلہ کے جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ سٹریٹجک صورتحال کے پیش نظر محرم الحرام کی سکیورٹی پہلے سے زیادہ حساس اور چیلنجنگ ہے، لہٰذا تمام افسران پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ امن کمیٹیوں، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور تمام ٹربل و فلیش پوائنٹس کو پیشگی حل کیا جائے۔
(روز نامہ پاکستان)
************************
