May 23, 2026
پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 35 ہزار سے زائد افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر چکی ہے جبکہ 163 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچے شامل ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 898 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 13 ہزار 113 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
(روز نامہ 92)
************************
