لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کے مسائل کے ازالے کا عمل جاری ہے۔ رواں سال کے دوران کمپلینٹ سنٹر پر موصول 34 ہزار سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال کیا گیا ہے۔ ڈی پی اوز خود 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول شکایات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مختلف نوعیت کی شکایات کے حل میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ مقدمات کے اندراج سے متعلق 17249،سست تفتیش کی 8270 شکایات حل کی گئیں۔پولیس سروسز سے متعلق 2,547 جبکہ محکمانہ و دیگر نوعیت کی 7 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 1781، ریکوری سے متعلق 3071 اور ناقص تفتیش سے متعلق 1646 شکایات کو حل کیا گیا۔جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 865 جبکہ تبدیلی تفتیش سے متعلق 537 شکایات بھی نمٹائی گئیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*********************
