ملک دشمن ‘جرائم پیشہ عناصرکیخلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں:آئی جی پنجاب

May 18, 2026

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے تدارک کیلئے ڈور ناکنگ کے عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے ۔ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 152 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ‘ 11 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ جبکہ 160 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 77 ہزار 501 کومبنگ آپریشنز بھی کیئے گئے۔ 23 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 10 ہزار 771 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔جرائم پیشہ عناصر کے قبضہ سے 58 کلاشنکوف، 213 رائفلز، 1,999 پسٹلز، 152 بندوقیں، 44 ریوالور اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ کومبنگ آپریشنز کے دوران 3,900 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 3,890 مقدمات درج کیے گئے۔ گرفتار ملزموں سے 2,536 کلوگرام چرس، 278 کلوگرام ہیروئن، 102 کلوگرام آئس، 47 کلوگرام افیون اور 43 ہزار 514 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************