لاہور ( کرائم رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران ایس ایس پی اختر فاروق کو خدماتِ عامہ کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدرِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے نوازا۔ایس ایس پی اختر فاروق اس وقت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور پولیس اصلاحات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ایس ایس پی اختر فاروق کی غیر معمولی قیادت میں پشاور میں مسلسل آٹھ ماہ تک جاری رہنے والی انٹیلی جنس کارروائیوں کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرکے ختم کیا گیا۔اسی طرح مسلسل انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران ایک خودکش بمبار اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ لاہور میں دہشت گردی کے متعدد منصوبے بروقت ناکام بنائے گئے۔
(روز نامہ جنگ)
************************