ٹوبہ ٹیک سنگھ، تھانہ رجانہ کی حدود میں ڈیرے پر مخالفین کی سابقہ رنجش پر فائرنگ، ایم پی اے ایوب گادھی زخمی، 4 افراد جاں بحق

آئی جی پنجاب عبدالکریم کا واقعہ کا نوٹس، آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم
 
لاہور 10 مئی: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تھانہ رجانہ کی حدود میں چک نمبر 184 گ ب میں ڈیرے پر مخالفین کی طرف سے سابقہ رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں رکن صوبائی اسمبلی ایوب گادھی کے زخمی اور 4 افراد کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور  ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ، ڈی ایس پی سرکل  ٹوبہ، ایس ایچ او رجانہ، سینئر پولیس افسران سمیت فرانزک ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ضیعم عباس، ندیم، خالق داد اور حق نواز شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں شہباز اور ریاض شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایم پی اے ایوب گادھی کی حالت بہتر ہے جبکہ تمام زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

(ہینڈ آؤٹ  نمبر301)

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, May 10, 2026