پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، آئی جی پنجاب

May 09, 2026

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے لاہور داتا دربار خود کش حملے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا ء کی 7 ویں برسی کے موقع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں آج ہی کے دن پنجاب پولیس کے 5 اہلکاروں نے لاہور داتا دربار پر دوران ڈیوٹی خود کش حملے میں جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 03 ہیڈ کانسٹیبلز اور 02 کانسٹیبلز شامل تھے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور شہدا ء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں پولیس فورس کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔

(روز نامہ پاکستان)

************************