لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو خون کے عطیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں تھیلیسیمیا کے خلاف مصروف عمل اداروں کے تعاون سے بلڈ ڈونیشن کیمپ بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت طبی اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کے رجسٹرڈ 172 بچوں کو فی کس ماہانہ 30 ہزار روپے کی ادائیگی باقاعدگی سے جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو رواں سال اب تک ایک کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمع المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
(روز نامہ جنگ)
***********************