آئی جی پنجاب، سیکرٹری ہوم کا کچہ ایریا کا دورہ، سکیورٹی کاجائزہ

May 02, 2026

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سیکرٹری ہوم پنجاب احمد جاوید قاضی اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ راجن پور کے کچہ ایریا کا دورہ کیا جہاں انہیں کچہ کریمنلز کیخلاف جاری پولیس آپریشن اور موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم نے آئی جی پنجاب کو آپریشنل پیشرفت، سکیورٹی اقدامات اور آئندہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے کچہ سرکل روجھان میں قائم پولیس چوکی بہار ماچھی کا دورہ کیا اور مورچوں پر سکیورٹی انتظامات، نفری، اسلحہ و ایمونیشن سمیت تھرمل ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈرون کیمروں کی مدد سے چیک پوسٹ کے اطراف کے علاقوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے پولیس چوکی پر تعینات افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی بعدازاں آئی جی پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری ہوم پنجاب احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کچہ ایریا کی موجودہ صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کی آپریشنل حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم این اے شمشیر خان مزاری، ایم این اے ڈاکٹر حفیظ دریشک اور ایم پی اے خضر خان مزاری نے بھی شرکت کی۔

(روز نامہ پاکستان)

**************************