آئی جی پنجاب ‘ہوم سیکرٹری ‘سینئرافسروں کا دورہ کچہ علاقہ‘سکیورٹی پر بریفنگ

May 02, 2026

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سیکرٹری ہوم پنجاب احمد جاوید قاضی اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ راجن پور کے کچہ ایریا کا دورہ کیا۔جہاں انہیں کچہ کریمنلز کے خلاف جاری پولیس آپریشن اور موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ کچہ ایریا میں تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ کامیاب آپریشن سے علاقے میں امن و استحکام کی بحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔کچہ ایریا کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کی آپریشنل حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے کچہ ایریا میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کیساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائیگا اور کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی۔ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور ہتھیار نہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ کچہ ایریا کو امن کا گہوارہ بنایا جائیگا۔ کچہ سرکل روجھان میں قائم پولیس چوکی بہار ماچھی کا دورہ کیا اور مورچوں پر سکیورٹی انتظامات، نفری، اسلحہ و ایمونیشن سمیت تھرمل ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈرون کیمروں کی مدد سے چیک پوسٹ کے اطراف کے علاقوں کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے پولیس چوکی پر تعینات افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی، بھر پور حوصلہ افزائی کی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری ہوم پنجاب احمد جاوید قاضی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ کچہ ایریا کی موجودہ صورتحال،امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کی آپریشنل حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************