لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس صوبہ بھر میں پبلک سروس ڈلیوری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مصروف عمل ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران 30 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 30 لاکھ 55 ہزار سے زائد چالان کیے گئے اور 6 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ دھواں چھوڑنے والی 34 ہزار 877 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ 5984 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 28 کے فٹنس سر ٹیفکیٹ ضبط کیے گئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************
