پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات جاری رکھے جائینگے،آئی جی

Apr 18, 2026

لاہور(کرائم رپورٹر سے) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے انٹرنیشنل اتھلیٹ اور گجرات پولیس کے کانسٹیبل طیب گوہر سے ملاقات کی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل طیب گوہر کو تھائی لینڈ میں منعقدہ منی میراتھن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر شاباش دی اور انہیں سی سی ون سرٹیفکیٹ سے نوازا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس قومی، صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طیب گوہر نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے نہ صرف پاکستان پولیس بلکہ ملک کا نام بھی روشن کیا ہے۔ترجمان کے مطابق کانسٹیبل طیب گوہر نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقدہ منی میراتھن کی تین کیٹگریز میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جن میں 3 کلو میٹر، 5 کلو میٹر اور 10 کلو میٹر کی دوڑ شامل ہے۔ اس مقابلے میں دنیا بھر سے تقریباً 1500 ایتھلیٹس نے شرکت کی۔مزید بتایا گیا کہ طیب گوہر اس سے قبل دبئی میں ہونے والے دوڑ کے مقابلوں میں بھی 3 اور 5 کلومیٹر کیٹیگریز میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں جبکہ وہ 2015 سے نیشنل پولیس گیمز میں ناقابل شکست ہیں۔آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

(روز نامہ جنگ)

************************