آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787، رواں سال 25 ہزار سے زائد شکایات حل

Apr 15, 2026

 پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کے مسائل کے ازالے کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی 25 ہزار سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ڈی پی اوز خود 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مختلف نوعیت کی شکایات کے حل میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے جن میں مقدمات کے اندراج سے متعلق 12137، سست تفتیش کی 6277 شکایات حل کی گئیں۔ اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 1820 جبکہ محکمانہ و دیگر نوعیت کی 5 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ مزید برآں ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 1354، ریکوری سے متعلق 2303 اور ناقص تفتیش سے متعلق 1265 شکایات کو حل کیا گیا۔ جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 667 جبکہ تبدیلی تفتیش سے متعلق 421 شکایات بھی نمٹائی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں بلا جھجھک 1787 کمپلینٹ سنٹر سے رابطہ کریں۔

(روز نامہ نوائےوقت)