پولیس فورس ‘ اہل خانہ کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی مشن :آئی جی پنجاب

Apr 08, 2026

لاہور(نامہ نگار)صحت کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ترجیحی مشن ہے۔ صحت مند پولیس فورس ہی ملک و قوم کی مؤثر حفاظت اور جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتی ہے۔پنجاب پولیس ملک کا واحد صوبائی ادارہ ہے جہاں اب تک 2 لاکھ 25 ہزار افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ پولیس ملازمین اور ان  کے اہلخانہ کو مفت اور رعایتی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ملک کے بہترین ہسپتالوں کیساتھ معاہدے کئے گئے ہیں۔رواں سال سنگین بیماریوں میں مبتلا اہلکاروں اور اہلخانہ کے علاج پر5 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار بچوں کیلئے 2 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔’’ہمارے پھول‘‘ پراجیکٹ کے تحت اب تک سماعت سے محروم 44 بچوں کی مفت کوکلئیر امپلانٹ سرجریز مکمل کی جا چکی ‘7 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے۔ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ 30 ہزار جبکہ سیریبرل پالسی کے شکار بچوں کو 20 ہزار روپے فی کس فراہم کئے جا رہے ہیں۔دورانِ ڈیوٹی زخمی  اہلکاروں کو علاج کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا اہلکاروں کیلئے علاج کی بہترین سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں۔کینسر کے مریض اہلکاروں اور اہلخانہ کو جدید کینسر کیئر ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پولیس ملازمین کی ہیپاٹائٹس بی ویکسی نیشن اور ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کا علاج جاری ہے۔ اہلکاروں کی سائیکالوجیکل پروفائلنگ اور ذہنی صحت کی بحالی کیلئے بھی مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

************************