پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری

Apr 07, 2026

پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 34 ہزار سے زائد افراد کو ڈی پورٹ کر دیا ہے جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت مزید 201 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جن کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 13 ہزار سے زائد مرد، 6 ہزار 868 خواتین جبکہ 14 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 665 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، 11 ہزار 114 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 12 ہزار 206 مکمل طور پر غیر قانونی مقیم غیر ملکی بھی شامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************