شہدا کے بچوں کو تعلیم کیلئے سکالرشپس فراہم کر رہے ہیں : آئی جی پنجاب

Apr 03, 2026

 لاہور(نامہ نگار)سنٹرل پولیس آفس میں پولیس شہدا کے بچوں کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہداء پولیس کے 41 بچوں میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں میڈیکل،انجینئرنگ، آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا و طالبات شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ جدید لیپ ٹاپس طلبا و طالبات کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کیساتھ ساتھ سکلز ڈویلپمنٹ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز کے تحت اب تک پولیس شہدا کے 308 بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا چکے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کی فلاح و بہبود کیلئے مزید وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔پولیس شہدا کے بچوں کو ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم کیلئے سکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔تقریب میں شہدا پولیس کے اہلخانہ نے پنجاب پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے اہم قدم قرار دیا ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************